اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امام خمینی امدادی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ عراق کو فراہم کی جانے والی امداد میں سن رسیدہ افراد، بچوں اور غریب گھرانوں سمیت مالی اور جسمانی طور پر کمزور پانچ سو پچاس گھرانوں کے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گرمی اور بجلی کی کمی سے ان افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ عراق میں امام خمینی امدادی کمیٹی کے نمائندے عبدالزہرا کاظم الساعدی نے اس سلسلے میں کہا کہ اس سے قبل یہ کمیٹی، عراق کے صلاح الدین، الانبار اور دیالہ صوبوں میں امداد فراہم کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار شمالی صوبوں میں پناہ لینے والے افراد پر خاص توجہ دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق یحیی آوہ کیمپ میں رہائش پذیر پناہ گزینوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس کیمپ کے پناہ گزینوں نے اپیل کی ہے کہ عراقی شہروں کو آزاد کرانے کے لئے ضروری امداد فراہم کی جائے تاکہ ان کی وطن واپسی ممکن ہو سکے۔ رپورٹ کے مطابق امام خمینی امدادی کمیٹی کے اعلی عہدے داروں نے کہا ہے کہ امدادی کارروائی کے اگلے مرحلے میں عراقی عوام کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169